My WordPress Blog

کویت

کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مختلف فوجی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون کے باقاعدہ فریم ورک کی توثیق کر دی گئی ہے۔

ٹائمز کویت کے مطابق سرکاری گزٹ ‘کویت الیوم’ کی تازہ ترین اشاعت میں شائع ہونے والے اس مرسوم کے ذریعے 11 جون 2023 کو کویت میں دستخط کیے گئے معاہدے کی باضابطہ منظوری دی گئی ہے۔اس معاہدے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے قوانین، ضوابط اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے عین مطابق دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانا اور فوجی تربیت، تعلیم اور مسلح افواج کے باہمی تعاون کے لیے ایک مربوط فریم ورک قائم کرنا ہے۔ اس معاہدے میں تعاون کے وسیع شعبہ جات شامل ہیں جن میں ملٹری ٹریننگ اور ایجوکیشن، لاجسٹک تعاون، فوجی اہلکاروں، تکنیکی ماہرین اور اسپیپشلسٹس کا تبادلہ، سائنسی و تکنیکی تعاون، ملٹری انٹیلی جنس اور دونوں جانب سے اتفاق پانے والے دیگر تمام شعبے شامل ہیں۔

معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک ایگزیکٹو پروٹوکولز اور پروگراموں کے ذریعے سالانہ منصوبے تیار کریں گے، جبکہ مختلف سطحوں پر سرکاری دوروں کے تبادلے کے ذریعے اس تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ معاہدے کی نگرانی اور رابطہ کاری کے لیے ایک مشترکہ ملٹری کمیٹی قائم کی جائے گی جس کی سربراہی دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کے نامزد کردہ نمائندے کریں گے اور اس کمیٹی کا اجلاس سال میں ایک بار منعقد ہوگا۔

معاہدے میں دونوں ممالک کے درمیان تبادلہ کی جانے والی حساس معلومات اور دستاویزات کے تحفظ کے لیے سخت شقیں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے مطابق اصل متعلقہ فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی بھی خفیہ دستاویز، معلومات یا مواد کو کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کیا جا سکے گا۔ دونوں ممالک تبادلہ شدہ معلومات کی راز داری برقرار رکھنے کے پابند ہوں گے اور یہ پابندی معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی قائم رہے گی۔