My WordPress Blog

خواتین کے ایک گروہ نے مریضہ بن کر ایک خاتون ڈاکٹر کو لوٹنے کی ناکام کوشش کی۔ اس موقع پر بہادر ڈاکٹر نے حکمت عملی سے کام لیتے ہوئے

کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی مین روڈ پر نامعلوم خواتین کے ایک گروہ نے مریضہ بن کر ایک خاتون ڈاکٹر کو لوٹنے کی ناکام کوشش کی۔ اس موقع پر بہادر ڈاکٹر نے حکمت عملی سے کام لیتے ہوئے ایک ملزمہ کو دبوچ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ اس کی دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں۔

 

تفصیلات کے مطابق لیڈی ڈاکٹر زبیدہ خان اپنے کلینک میں موجود تھیں کہ اسی دوران چند خواتین مریضہ کے بہانے اندر داخل ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک خاتون نے اچانک پس*ول نکال کر ڈاکٹر سے بیگ، موبائل فون اور نقدی حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

اس موقع پر ڈاکٹر زبیدہ خان نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا بیگ حملہ آور کے پس*ول پر دے مارا اور زور زور سے شور مچا دیا۔ آواز سن کر کلینک میں موجود دیگر افراد بھی موقع پر پہنچ گئے اور ایک ملزمہ کو قابو کر لیا، جبکہ اس کی دو ساتھی فرار ہو گئیں۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، تاہم لیڈی پولیس اہلکار کی عدم موجودگی کے باعث گرفتار خاتون کو تحویل میں لینے کے لیے کچھ دیر انتظار کرنا پڑا۔ بعد ازاں لیڈی پولیس کی آمد پر گرفتار ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے زرغون آباد تھانے منتقل کر دیا گیا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق یہی خواتین چند روز قبل بھی اسی کلینک پر آئی تھیں، تاہم اس وقت ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث واپس چلی گئی تھیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی مسجد طریق کے سامنے واقع ایک کلینک میں خود کو خاتون ڈاکٹر ظاہر کرنے والی ایک خاتون کو اسی نوعیت کی واردات میں لوٹا جا چکا ہے۔