My WordPress Blog

پاکستان اور کویت

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی معاہدے کی منظوری کے بعد کویتی وزیر خارجہ پاکستان میں موجود ہیں جہاں ان کی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ۔ جس میں باہمی تعاون، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے بھی کویت کے وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ و تحقیق، مواصلات، بحری امور اور پٹرولیم، وزیراعظم کے مشیر اور حکومت کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر استوار دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور جاری تنازع کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک دیانت دار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے، اور ان کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔