گوادر:
گوادر یومِ آزادی کے موقع پر میر فدا حکیم رند کی قیادت میں عظیم الشان تاریخی کار ریلی، شہر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
گوادر: یومِ آزادی 14 اگست کی مناسبت سے معروف سیاسی و قبائلی شخصیت میر فدا حکیم رند کی قیادت میں رند ہاؤس گھٹی ڈھور سے ایک عظیم الشان کار ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں، سیاسی و سماجی کارکنوں، نوجوانوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شرکاء نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔
کار ریلی کثیر تعداد میں رند ہاؤس گھٹی ڈھور سے روانہ ہوئی اور گوادر شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی سید ظہور شاہ ہاشمی چوک پہنچی، جہاں ریلی نے جلسے کی شکل اختیار کرلی۔ اس موقع پر فضا قومی نعروں، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میر فدا حکیم رند نے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے، یہ دن ہمیں ان بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے حصول کے لیے دی تھیں۔ پاکستان ہمارے لیے صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک عظیم نظریے، قربانیوں اور قومی اتحاد کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کا انحصار ہم سب کے اتحاد، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کے احساس پر ہے۔
میر فدا حکیم رند نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً گوادر پاکستان کا اہم ترین خطہ ہے اور یہاں کے عوام محب وطن ہیں۔ گوادر کے عوام نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ گوادر کے عوام کو بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ اس خطے کے عوام بھی ترقی کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کو اپنا شعار بنائیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی ہمیں صرف جشن منانے کا موقع نہیں دیتا بلکہ یہ دن ہمیں اپنے قومی فرائض اور ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے۔ ہمیں اپنے ذاتی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، امن اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
عظیم الشان کار ریلی کے باعث گوادر شہر میں یومِ آزادی کا جوش و جذبہ نمایاں رہا اور شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا
اِس موقع پر گوادر سول سوسائٹی کے صدر چیرمین محمد جان نے حصوصی طور پر شرکت کی ہے