بی ٹیوٹا نے جعلی ورک پرمٹس کی تردید کر دی
بی ٹیوٹا کے ترجمان نے نوجوانوں کی پریس کانفرنس پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرِ بحث ورک پرمٹس ادارے کی منظوری کے بغیر براہِ راست امیدواروں کو ای میل کیے گئے تھے، جنہیں متعلقہ کنسلٹنٹ فرم نے بھی جعلی قرار دیا تھا۔
ترجمان کے مطابق بی ٹیوٹا خود ورک پرمٹس جاری نہیں کرتا اور تصدیق شدہ ورک ویزہ کے بغیر کسی مالی ادائیگی کا پابند نہیں۔ نوجوانوں کو جعلی ای میلز اور غیرمصدقہ آفرز سے محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
بی ٹیوٹا نے دفتر میں نوجوانوں پر تشدد کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں جبکہ اینٹی کرپشن مزید قانونی کارروائی کر رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد ہنرمند نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، جبکہ متاثرہ نوجوانوں کے مسائل کے شفاف اور عادلانہ حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔