بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی ریسٹورنٹس اور پیزا شاپس کی نگرانی، عدم تعمیل پر سیلنگ نوٹس جاری
کوئٹہ: بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی ٹیم نے قابلِ اطلاق ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مختلف ریسٹورنٹس اور پیزا شاپس کے فیلڈ وزٹس کیے، جہاں ٹیکس قوانین کی تعمیل اور رجسٹریشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
دوروں کے دوران متعلقہ کاروباری مراکز کو ہدایت کی گئی کہ وہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور مقررہ وقت پر ٹیکس ریٹرنز جمع کرائیں۔ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے کاروباری مراکز کو سیلنگ نوٹس بھی جاری کیے گئے۔
بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے اور مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں متعلقہ کاروباری مراکز کو قانون کے مطابق سیل کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے کاروباری اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں، بروقت رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کو یقینی بنائیں تاکہ ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور شفاف ٹیکس نظام کو فروغ دیا جا سکے۔