My WordPress Blog

نوشکی زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر میر محمد اعظم ماندائی اور میر خورشید جمالدینی کی کامیاب کوششوں

نوشکی زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر میر محمد اعظم ماندائی اور میر خورشید جمالدینی کی کامیاب کوششوں اور مثبت ثالثی کے نتیجے میں یونین کونسل باغک کے چیئرمین اور کونسلران کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیاں خوش اسلوبی سے دور ہوگئیں، جبکہ چیئرمین کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں یونین کونسل باغک کے بعض کونسلران کی جانب سے چیئرمین یونین کونسل کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی، جس کے باعث مقامی سطح پر سیاسی اور انتظامی صورتحال میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ تاہم علاقے کے معتبرین اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر میر محمد اعظم ماندائی اور میر خورشید جمالدینی نے فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے مسلسل رابطے اور مذاکرات کے ذریعے دونوں جانب پائی جانے والی غلط فہمیوں کو ختم کردیا۔

فریقین نے باہمی اتحاد، علاقائی مفاد اور عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کے ساتھ کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ کونسلران نے چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر میر محمد اعظم ماندائی اور میر خورشید جمالدینی نے کہا کہ علاقے کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور باہمی بھائی چارے کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ تمام منتخب نمائندے متحد ہوکر کام کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونین کونسل باغک کے نمائندے آئندہ بھی اتفاق و اتحاد کی فضا برقرار رکھتے ہوئے عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔