My WordPress Blog

ایران نے فیلڈ مارشل

ایران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ ایران کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دورے کے دوران اہم سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور اس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔

 

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کے دوران اہم امور پر مثبت پیش رفت ہوئی۔ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے بھی کہا کہ اعلیٰ ایرانی عہدیداروں اور پاکستانی حکام کے درمیان ملاقاتیں انتہائی خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئیں۔

 

اس سے قبل آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں ایران امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں اور علاقائی امن کے لیے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُرامن حل میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

 

حکام کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا، امن و استحکام کو فروغ دینا اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔