قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے 50 فیصد ملازمین دفاتر اور 50 فیصد گھر سے کام کریں گے، ملازمین کےلیےگھر سے کام کے دوران ٹیلی فون،ای میل اور واٹس ایپ پر دستیابی
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے 50 فیصد ملازمین دفاتر اور 50 فیصد گھر سے کام کریں گے، ملازمین کےلیےگھر سے کام کے دوران ٹیلی فون،ای میل اور واٹس ایپ پر دستیابی لازمی قرار دے دی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو ضرورت پڑنے پر ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر پہنچنا ہوگا، گھر سے کام کرنے والے 50 فیصد ملازمین ڈائٹ الاؤنس اور اوورٹائم چارجز کے حقدار نہیں ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے اور یہ اقدام تین ماہ کے لیے ہوگا جب کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تمام اقسام کی پائیدار اشیاء کی خریداری پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم آئی ٹی سامان خریداری پر پابندی سے مستثنیٰ ہے۔
اعلامیے کے مطابق 3 ماہ کے لیے غیر ملکی دوروں اور سرکاری سفری اخراجات پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کی اسکالرشپس، مخصوص تربیتی پروگرام سفری پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں کے انعقاد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔