My WordPress Blog

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں جاری مون سون سیزن کے دوران پاکستان کی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور مربوط ردِعمل کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس سسٹمز سے آگاہ کیا۔ انہیں "ڈیزاسٹر لینز 2026” کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس کے ذریعے موجودہ مون سون کی صورتحال اور مختلف قدرتی خطرات کی نگرانی کے نظام کا جائزہ پیش کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان میں قومی سطح پر آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری، اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور بروقت ردِعمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں اور اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔