وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا اپوزیشن لیڈر محمودخان اچکزئی کو جواب
اپوزیشن جماعتوں کا فیصلہ ہے سرفراز حکومت استعفیٰ دے۔ محمودخان اچکزئی
استعفے یا میرے قتل سے امن آتا ہے تو گولی کھانے کو تیار ہوں لاشوں پر سیاست نہ کی جائے سانحہ زیارت لواحقین کے جو بھی جائز مطالبات ہیں ہم انہیں پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعلی سرفرازبگٹی
اگر آج میرے استعفے سے بلوچستان کے حالات بہتر ہوتے ہیں، اگر بشیر زیب اور ڈاکٹر اللہ نذر یہ اعلان کر دیں کہ سرفراز بگٹی کے استعفے یا سرفراز بگٹی کے قتل سے بلوچستان میں امن آ جائے گا، تو میں پہلا آدمی ہوں گا جو کسی اور سے نہیں بلکہ اپنے بھائی سے کہوں گا کہ مجھے گولی مار دے، لیکن بلوچستان کے لوگوں میں امن آ جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب زادہ میر سراج خان رئیسانی کی آٹھویں برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر صوبائی وزیرا میر عاصم کرد گیلو، بخت محمد کاکڑ، میر ضیاء اللہ لانگو، میر سیلم کھوسہ ودیگر نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ میں انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جب بیس معصوم پشتون کٹ کوچہ میں شہید ہوئے تھے، تو کیا آپ کے بھائی نے استعفیٰ دیا تھا؟ کیا آپ کے بھائی نے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا؟ کیا آپ کے بھائی نے وزرات کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا؟ اور جو وزراء کرام آج دھرنے میں موجود ہیں، کیا انہوں نے استعفیٰ دیا تھا؟
انہوں نے کہا کہ سانحہ آٹھ اگست کو ہمارے وکلاء کو بے دردی سے شہید کیا گیا تھا، تو کیا آپ کے استعفے آئے تھے حضور ؟
اس کے بعد جتنے بھی واقعات ہوئے، خصوصاً پولیس لائن میں، جہاں تیس سے زائد ہمارے نوجوان ریکروٹس بے دردی سے شہید کیے گئے، اس رات یہ میڈیا کے دوست گواہ ہیں کہ سب سے پہلے وہاں پہنچنے والا شخص سرفراز بگٹی تھا۔
لہٰذا یہ استعفوں کا معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ضرور کریں، میری کوتاہی پر کریں، اگر آپ کو میری بدانتظامی (بیڈ گورننس) نظر آتی ہے تو اس پر تنقید کریں، اگر آپ کو میری کرپشن نظر آتی ہے تو اس پر بات کریں، میری اصلاح کریں۔ اپوزیشن کا مطلب اپوزیشن ہے، لیکن خدا کے واسطے لاشوں کی سیاست چھوڑ دیں۔ شہداء کی لاشوں پر سیاست نہ کریں۔میں شہداء کے لواحقین اور سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ کی جو جائز مطالبات ہیں، ہم انہیں پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ جو کام اسمبلی کا ہے، وہ اسمبلی کرے گی، اور جو کام صوبائی حکومت کا ہے، وہ صوبائی حکومت انجام دے گی۔