My WordPress Blog

حکومت نے خبردار

حکومت نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں سیلاب جیسے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں وفاقی وزرا کو دی گئی بریفنگ میں ممکنہ صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو روکا نہیں جا سکتا، تاہم بروقت منصوبہ بندی، مؤثر تیاری اور مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گلیشیئرز کے پگھلاؤ سے پیدا ہونے والے خطرات کی نگرانی اور پیشگی انتباہی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ زرعی شعبے میں موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ نئی فصلوں کی تحقیق اور تیاری کے لیے چین کے تعاون سے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

 

احسن اقبال کے مطابق دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تکمیل سے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھے گی اور سیلابی خطرات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فلڈ پروٹیکشن پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس پر وفاق اور صوبے مشترکہ طور پر عمل درآمد کریں گے۔وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بتایا کہ بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں میں نسبتاً زیادہ جبکہ میدانی علاقوں میں کم بارشوں کی توقع ہے، اس لیے مختلف خطوں کے لیے الگ حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی مؤثر آگاہی، ارلی وارننگ سسٹم اور بروقت وسائل کی فراہمی کو ممکنہ نقصانات کم کرنے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔