My WordPress Blog

بے نظیر نشونما پروگرام

کوئٹہ: بے نظیر نشونما پروگرام، جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے جاری ایک اہم سماجی تحفظ کا اقدام ہے، ماں اور بچے کی صحت میں بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

اسی سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام رومانہ گل کاکڑ اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر جلال نے مفتی محمود میموریل ہسپتال میں قائم نشونما فسیلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ادویات کے اسٹاک کو بھی چیک کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مستحق خواتین اور بچوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرلز نے مرکز میں نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور سہولیات کے معیار کو سراہتے ہوئے عملے کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ خدمات جاری رکھیں تاکہ پروگرام کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔

بے نظیر نشونما پروگرام کا مقصد غذائی قلت کے باعث بچوں میں نشوونما کی کمی جیسے مسائل کی روک تھام کرنا ہے، اور یہ اقدام صوبہ بلوچستان میں مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ایک صحت مند معاشرے کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔