تردیدی بیان
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی، کوئٹہ
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ 27ویں سنڈیکیٹ اجلاس کے حوالے سے سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں گردش کرنے والی بے بنیاد اور گمراہ کن خبروں کی سختی سے تردید کرتی ہے۔
یونیورسٹی پر یہ الزام کہ مذکورہ اجلاس کے دوران کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا بدنظمی ہوئی، سراسر بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہے۔ اس قسم کے بیانات نہ صرف غلط فہمی پھیلاتے ہیں بلکہ ایک باوقار تعلیمی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی ہیں۔
30 اپریل 2026 کو منعقد ہونے والا یونیورسٹی کا 27واں سنڈیکیٹ اجلاس مکمل نظم و ضبط، وقار اور پُرامن ماحول میں منعقد ہوا۔ سنڈیکیٹ یونیورسٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے اور اپنے تمام اجلاس قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیتا ہے۔ اجلاس میں کسی بھی قسم کی بدنظمی یا خلل کا تاثر دینا حقیقت کے برعکس ہے۔
یونیورسٹی کے تمام سنڈیکیٹ ممبران نے بھی اس جھوٹی اور بے بنیاد خبر پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ممبران کا مؤقف ہے کہ اجلاس نہایت خوش اسلوبی اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل ہوا، اور اسے متنازعہ بنانے کی کوشش قابلِ مذمت ہے۔
یہ امر افسوسناک ہے کہ بغیر تصدیق اور تحقیق کے ایسی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور تمام متعلقہ افراد و اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی شفافیت، ادارہ جاتی وقار اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم تمام شراکت داروں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ یونیورسٹی کے بارے میں گفتگو میں ذمہ داری، انصاف اور حقائق کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
انتظامیہ
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی، کوئٹہ