My WordPress Blog

جمعیت علماء اسلام پنجگور

پریس ریلیز

جمعیت علماء اسلام پنجگور

 

جمعیت علماء اسلام تحصیل پنجگور کا ایک اہم عمومی اجلاس تحصیل امیر مولانا مقبول احمد کی سربراہی اور استاذ العلماء حضرت واجہ مفتی مولی بخش صاحب کی قیادت میں مدرسہ سراج العلوم فاروقیہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز حافظ زبیر احمد صدیقی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔

 

اجلاس میں جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی منظور مینگل اور جمعیت علماء اسلام نوشکی کے ترجمان حافظ عبداللہ گورگیج نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی ذمہ داران نے حالیہ پشین پروگرام اور آئندہ جماعتی سرگرمیوں کے حوالے سے صوبائی قیادت کا خصوصی پیغام بھی اجلاس کے شرکاء تک پہنچایا۔

 

مہمانانِ گرامی نے جمعیت علماء اسلام پنجگور کی ضلعی و تحصیل قیادت کی بہترین کارکردگی، منظم جماعتی فعالیت اور کارکنوں کی بھرپور وابستگی کو سراہتے ہوئے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پنجگور دیگر اضلاع کی نسبت جماعتی پروگراموں، تنظیمی سرگرمیوں اور کارکنوں کی فعالیت میں نمایاں مقام رکھتی ہے، جو یقیناً قابلِ تحسین امر ہے۔

 

حاجی منظور مینگل اور حافظ عبداللہ گورگیج نے 4 مئی کو منعقد ہونے والی “تحفظ دینی مدارس و حقوق بلوچستان کانفرنس” کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اجلاس میں موجود تمام کارکنوں اور ذمہ داران کو کانفرنس کے اغراض و مقاصد، موجودہ حالات اور جماعتی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دینی مدارس اور بلوچستان کے عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جمعیت علماء اسلام ہر سطح پر بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

 

اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام پنجگور کی ضلعی قیادت نے صوبائی ذمہ داران کے سامنے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ صوبائی قیادت کی جانب سے عام کارکنوں اور ضلعی امراء کو مناسب توجہ نہیں دی جارہی۔ ضلعی قیادت نے اپنے تحفظات اور اعتراضات تفصیل کے ساتھ مہمانان کے سامنے رکھے تاکہ انہیں صوبائی قیادت تک پہنچایا جاسکے اور جماعتی نظم و روابط کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔

 

اجلاس سے جمعیت علماء اسلام پنجگور کے ضلعی امیر حافظ محمد اعظم، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالحلیم، مولانا سعداللہ، مولانا علی احمد، حاجی عبدالعزیز، مولانا محمد نور، ضلعی سالار رحمت اللہ اور اسٹیج سیکرٹری مولانا الیاس ولی ساسولی نے خطاب کیا۔

 

مقررین نے جمعیت علماء اسلام تحصیل پنجگور کی بہترین کارکردگی اور تنظیمی فعالیت پر تحصیل امیر مولانا مقبول احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختصر وقت اور ہنگامی صورتحال کے باوجود کارکنوں اور ارکان کی بھرپور شرکت تحصیل امیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے۔

 

اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی بدحالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی کو انتہائی مشکل بنادیا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے قائد کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں 22 مئی کو مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اسی سلسلے میں پنجگور میں بھی 22 مئی بروز جمعہ صبح 10 بجے جامعہ اسلامیہ مرکزالتوحید والسنہ چتکان بازار سے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ نکالا جائے گا۔

 

اجلاس میں تمام کارکنوں اور عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کے خلاف اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے اپنا جمہوری احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

 

اجلاس کے اختتام پر جمعیت علماء اسلام تحصیل پنجگور کے امیر مولانا مقبول احمد نے تمام شرکاء، کارکنوں اور خصوصی مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تشریف آوری کو جماعت کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔ آخر میں حضرت واجہ مفتی مولی بخش صاحب کی خصوصی دعا سے اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

 

پریس سیکرٹری

جمعیت علماء اسلام پنجگور

عبدالباسط نور