کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر پراپرٹی کی دکان میں بڑی واردات، لاکھوں روپے اور قیمتی سامان چوری
کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر بوسہ منڈی کے قریب نامعلوم افراد پراپرٹی کی دکان سے لاکھوں روپے نقد، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق واردات میں مبینہ طور پر 10 افراد ملوث تھے، جن میں سے 4 دکان کے باہر کھڑے رہے جبکہ 6 اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد کو یرغمال بنا کر نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سمیٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مشرقی بائی پاس پر ڈکیتی کی وارداتیں تشویش ناک صورت اختیار کر رہی ہیں اور شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ روز ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔
شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی امن دینے میں ناکام ہوچکے ہیں آئی جی اور ڈی آئی جی اس صورتحال کا نوٹس لیں، ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔